معاشرے میں عورت کا مقام
ہر قوم کے ذی شعور لوگوں میں ایک سوال ہمیشہ زیرِ بحث رہا ہے کہ عورت کا معاشرے میں مقام کیا ہونا چاہیے؟ کسی بھی قوم کی زندگی میں اس کا فطری کردار کیا ہونا چاہیے؟ایک اچھے معاشرے کی تشکیل کے لیے اس کا عملی کردار کیا ہونا چاہیے؟
پاکستان میں مغربی تہذیب اور انگریزی اقتدار کے زیر سایہ دی جانے والی جدید یا عصری تعلیم کا جو چرچا ہوا ہے اس نے ہماری سابقہ روایت کے برعکس خواتین کے اندر یہ جذبہ پیدا کیا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کا دائرہ صرف اپنے گھر تک محدود نہ رکھیں بلکہ گھر سے باہر کی زندگی میں بھی عملی طور پر حصہ لیں اور مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
اگر ہم عورت کے فطری مقام پر بات کریں تو معاشرے میں اس کا اصل مقام، اس کا گھر ہے،وہ مختلف روپوں میں معاشرے کے لیے رحمت ہے، اگر وہ ماں ہے تو اس کے قدموں تلے جنت ہے، اگر وہ بہن ہے تو اپنے بھائیوں کا مان ہے، اگر بیٹی ہے تو اپنے والدین کی عزت ہے، اگر وہ بیوی ہے تو وہ اپنے گھر جو اس کی چھوٹی سی ریاست ہے اس کی ملکہ ہے اور اپنے شوہر کے زیر سایہ چلنے والی حکومت میں معاون و مددگار ہے۔وہ اپنے شوہر کی وفا اور اطاعت گزار رفیقہ ہے۔
عورت اگر بااخلاق ہو اور اس کا معاشرتی، اجتماعی شعور پختہ ہو تو وہ ایک بہترین معاشرے کی تشکیل کے لیے مختلف کاموں میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے، وہ اصلاح نسواں کے مختلف کاموں پر عمل کرسکتی ہے جن کے ذریعے وہ اپنے گھر کو جنت بنانے کے ساتھ ساتھ معاشرے پر بھی اپنے خوشگوار اور مثبت اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
آخر میں میں تمام خواتین سے گزارش کروں گی کہ وہ اپنے مقام کو پہچانیں۔خود بھی اچھے کردار کی حامل بنیں اور معاشرے کو بھی اچھے اخلاق و کردار کی جانب گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اریقہ نور
0 Comments
Thanks for visiting our blog
❣️❣️❣️